اسلامک ڈیسک کی جانب سے
والدین کے وصال کے بعد آپ ﷺ کی پرورش آپ ﷺ کے دادا جان کے یہاں ہوئی۔ ان کا نام عبد المطلب رضی اللہ عنہ ہے ، یہ مکہ کے سردار تھے ، آپ ﷺ سے بڑی محبت کرتے ، ہر وقت انہیں اپنے ساتھ رکھتے، جب کہیں بیٹھتے تو اپنے ساتھ بٹھاتے، کھانا اپنے ساتھ کھلاتے ، رات کو اپنے پہلو میں سلاتے۔ صحن کعبہ میں ان کے بیٹھنے کیلئے ایک تخت رکھا جاتا، کسی بڑے سے بڑے آدمی کی مجال نہ تھی اس پر قدم رکھتا، لیکن جب اللہ کے آخری نبی ﷺ تشریف لاتے تو بلا جھجک اپنے دادا جان کی جگہ پر بیٹھنے کیلئے آگے بڑھ جاتے۔
(السيرة النبوية لابن ہشام، اجلال عبد المطلب له : 1 / 306)
جب آپ ﷺ کی عمر مبارک 8 سال کی ہوئی تو دادا کا بھی وصال ہو گیا۔
(شرح الزرقانی علی المواهب، ذکر وفاة امه ... الخ، 353/1)
دادا جان کے وصال کے بعد آپ ﷺ کی پرورش آپ ﷺ کے چچا ابو طالب کے یہاں ہوئی۔ آپ ﷺ کے مبارک بچپن کے متعلق ابوطالب کا کہنا ہے: میں نے کبھی بھی نہیں دیکھا کہ رَسُولُ الله ﷺ کسی وقت بھی کوئی جھوٹ بولے ہوں یا کبھی کسی کو دھوکہ دیا ہو ، یا کبھی کسی کو کوئی تکلیف پہنچائی ہو، یا بیہودہ بچوں کے پاس کھیلنے کے لئے گئے ہوں یا کبھی خلاف تہذیب بات کی ہو۔آپ ﷺ ہمیشہ انتہائی خوش اخلاق اچھی عادتوں والے، نرم گفتار، بلند کردار اور اعلیٰ درجہ کے پارسا اور پرہیزگار رہے۔
( شرح الزرقانی علی المواهب، ذکر وفاة امه ... الخ، 353/1)