اسلامک ڈیسک کی جانب سے


عَنْ سِمَاکِ بْنِ حَرْبٍ قَالَ سَمِعْتُ جَابِرَ بْنَ سَمُرَةَ وَقَدْ سُئِلَ عَنْ شَيْبِ رَسُولِ اللهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم فَقَالَ کَانَ إِذَا دَهَنَ رَأْسَهُ لَمْ يُرَ مِنْهُ شَيْبٌ وَإِذَا لَمْ يَدْهِنْ رُئِيَ مِنْهُ شَيْئٌ۔
شمائل ترمزی (حدیث 38)حضرت جابر سے کسی نے حضور اقدس ﷺ کے سفید بالوں کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے فرمایا کہ جب حضور اقدس ﷺ تیل کا استعمال فرماتے تھے تو وہ محسوس نہیں ہوتے تھے۔ ورنہ کچھ سفیدی کہیں کہیں محسوس ہوتی تھی۔
حضرت انس رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ میں نے نبی اکرم ﷺ کے سر مبارک اور داڑھی میں صرف چودہ سفید بال گنے ہیں۔ اسی طرح بعض روایات میں ستر یا اٹھارہ کا ذکر ہے۔ شمائل کی حدیث میں سید نا ابن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مردی ہے اس میں سفید بالوں کا تذکرہ ہے کہ نبی اکرم ﷺ کے کچھ بال مبارک سفید تھے جو آپ ﷺکی کنپٹی کے قریب تھے۔ صحیح بخاری کی ایک روایت میں ہے کہ سفید بال آپ ﷺ کے عنقہ نچلے ہونٹ اور ٹھوڑی کے درمیان والی جگہ پر تھے۔ (صحیح بخاری) مسلم میں حضرت انس رضی اللہ تعالٰی عنہ کے طریق سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ اگر میں آپ ﷺ کے سرمبارک میں سفید بال گننا چاہتا تو گن سکتا تھا۔ (صحیح مسلم)