logo

سیرت کی دنیا

اسلامک ڈیسک کی جانب سے

حضور ﷺکی پنڈلی مبارک

حضور ﷺکی پنڈلی مبارک

نبی پاک ﷺ کی جسمانی صفات

حدیث

وَعَنْ جَابِرِ بْنِ سَمُرَةَ قَالَ: كَانَ فِي سَاقَيْ رَسُولِ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حُمُوشَةٌ وَكَانَ لَا يَضْحَكُ إِلَّا تَبَسُّمًا وَكُنْتُ إِذَا نَظَرْتُ إِلَيْهِ قُلْتُ: أَكْحَلُ الْعَيْنَيْنِ وَلَيْسَ بِأَكْحَلَ

مشکاۃ المصابیح (حدیث 5796)

ترجمہ

روایت ہے حضرت جابر ابن سمرہ سے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کی پنڈلیوں میں کچھ باریکی تھی اور آپ ﷺ نہ ہنستے تھے مگر مسکراتے اور میں جب حضور ﷺکو دیکھتا تو کہتا تھا کہ آپ آنکھوں میں سرمہ لگائے ہوئے ہیں حالانکہ آپ ﷺ سرمہ لگائے نہ ہوتے تھے

حکایت

رسول اکرم ﷺکا حسن جسمانی مجموعی طور پر بھی الگ شان رکھتا تھا اور انفرادی طور پر بھی ہر عضو کی اپنی ہی شان تھی۔انہیں اعضاء جسمانی میں سے ایک عضومبارک آپﷺ کی پنڈلیاں مبارک بھی ہیں۔جو اپنی بناوٹ میں حسن کا اعلی شاہکار تھیں۔ کیونکہ آپ ﷺ کی پنڈلیاں مبارک پتلی تھیں جو کہ مردانہ حسن کے لیے ضروری چیز ہے۔ چنانچہ حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے: *"كان فى ساقى رسول اللّٰه صلى اللّٰه علیه وسلم حموشة"* حضور ﷺ کی مبارک پنڈلیاں پتلی تھیں۔ (جامع الترمذی، حدیث: 3645) حضرت ابوحجیفہ سے روایت ہےکہ ایک روز آقائے محتشم ﷺ اپنے خیمے سے باہر تشریف لائے تو مجھے حضورﷺکی مبارک پنڈلیاں دیکھنے کا شرف حاصل ہوا۔ چشم ِتصور میں آج بھی اس منظر کی یاد اسی طرح تازہ ہے:آپ بیان فرماتے ہیں: *"كانى انظر الى وبیص ساقیه۔"* گویا میں آپ ﷺ کی پنڈلیوں کی سفیدی دیکھ رہا ہوں۔ (صحیح البخاری ، حدیث :3373) اسی روایت کو نقل کرتے ہوئے ابوبکر احمد بن حسین بیہقی ذکر فرماتے ہیں: *"فلما دنوت منه وھو على ناقته، جعلت انظر الى ساقه كانھا جمارة"* پس جب میں حضور ﷺکے قریب ہوا اور آپ اونٹنی پر سوار تھے تومجھے آپ ﷺ کی پنڈلی مبارک کی زیارت ہوئی، یوں لگا جیسے کھجور کےدرخت کا گوندہو۔ ( دلائل النبوۃ ، ج- 1ص207) حضرت عبدﷲ بن ابی سبقہ باہلی فرماتے ہیں: میں حجۃ الوداع کے موقعہ پر آپ ﷺکی خدمت میں حاضر ہوا، آپ ﷺاپنے اونٹ پر سوارکھڑے تھے اور آپ ﷺکی پنڈلی مبارک رکاب میں تھی جو کھجورکےگوندکی مانند لگ رہی تھی، میں محبت وپیار کی وجہ سے اس کے ساتھ چمٹ گیا۔ آپﷺ نے مجھے چھڑی لگائی تومیں نے عرض کیا: یا رسولﷲﷺ ! میں تو آپ سے قصاص لوں گا۔ آپﷺ نے چھڑی میرے ہاتھ میں دے کر فرمایا: لو قصاص لے لو، مجھے موقع مل گیا میں نے آپﷺ کی مبارک پنڈلی اور پاؤں کا بوسہ لے لیا (معجم الصحابة، حدیث:1718)

حضور ﷺکی پنڈلی مبارک | Shamail Tirmidhi - Seerat Ki Dunya