logo

سیرت کی دنیا

اسلامک ڈیسک کی جانب سے

حضور ﷺ کا مسواک کرنا

حضور ﷺ کا مسواک کرنا

نبی پاک ﷺ کے شب و روز

حدیث

وَعَنْ شُرَيْحِ بْنِ هَانِيْ قَالَ: سَأَلْتُ عَائِشَةَ: بِأَيِّ شَيْءٍ كَانَ يَبْدَأُ رَسُوْلُ اللّٰهِ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا دَخَلَ بَيْتَهٗ؟ قَالَتْ: بِالسِّوَاكِ۔

مشکاۃ المصابیح (حدیث 377)

ترجمہ

روایت ہے شریح ابن ہانی سےفرماتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ تعالی عنہاسے پوچھا کہ حضور ﷺ جب گھر میں تشریف لاتے تو پہلے کیا کام کیا کرتے تھے؟ فرمایا مسواک۔

حکایت

حضرت سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالٰی عنہا فرماتی ہیں کہ بوقتِ وِصالِ ظاہری (یعنی ظاہری وفات)میں نے دریافت کیا کہ آپ ﷺ کے لیے مِسواک لوں ؟ آپﷺ نے سر اقدس کے اِشارے سے فرمایا: ’’ہاں‘‘ چُنانچہ میں نے (اپنے سگے بھائی) حضرت ِعبدالرحمن رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مسواک لے کر آپ ﷺکو پیش کی۔ آپ ﷺ نے اِستعمال کرنا چاہی لیکن مِسواک سخت تھی، اس لیے میں نے عرض کی: نرم کردوں ؟ آپﷺم نے سر مبارک کے اِشارے سے فرمایا:’’ ہاں‘‘ چُنانچہ میں نے دانتوں سے چبا کرنرم کرکے سرکارِ مدینہ ﷺ کو پیش کردی۔ آپ ﷺ نے اُس کو دانتوں پر پھیرنا شروع کیا۔ (صحیح بخاری حدیث890) مسواک ہمارے پیارے نبی اکرم ﷺ کی بہت ہی پیاری سنت مبارکہ ہے ، مسواک سے دنیوی واخروی دونوں فوائد حاصل ہوتے ہیں ۔ چنانچہ مسواک کے فضائل وفوائد پرمشمل پانچ فرامین مصطفی ٰﷺ ملاحظہ کیجئے : (1)مسواک میں منہ کی پاکیزگی اوراللہ عزوجلّ کی رضا ہے ۔ (2) مسواک کیا کرو کیونکہ مسواک میں منہ کی پاکیزگی اور اللہ عزوجل کی رضاہے، جب بھی جبرائیل علیہ السلام میرے پاس آئے تو انہوں نے مجھے مسواک کرنے کی وصیت کی یہاں تک کہ مجھے اندیشہ ہوا کہ کہیں یہ مجھ پر اور میری امت پر فرض نہ ہوجائے اور اگر مجھے اپنی اُمَّت کے مشقت میں پڑنے کاخوف نہ ہوتاتومیں ان پر مسواک کرنا فرض کردیتا اور بے شک میں اس قدر مسواک کرتا ہوں کہ مجھے خوف ہے کہ کہیں اپنے اگلے دانت زائل نہ کرلوں ۔ (3) بلاشبہ مجھے مسواک کا اس قدر حکم دیا گیا کہ مجھے اندیشہ ہوا کہیں مسواک کے بارے میں میری طرف وحی نہ آجائے ۔ (4)اگر مجھے اپنی اُمَّت کے مشقت میں پڑنے کاخوف نہ ہوتاتو میں انہیں ہر ( نَماز کے وقت ) وضو کے ساتھ مسواک کرنے کاحکم دیتا ۔ (5) بندہ جب مسواک کرتاہے پھر نَماز کے لئے کھڑا ہوتاہے تو اس کے پیچھے ایک فرشتہ بھی کھڑا ہوجاتاہے اوراس کی قراءت کو غور سے سنتا ہے اور جب بھی وہ کوئی آیت یا کلمہ پڑھتا ہے تو فرشتہ اس سے قریب ہو جاتاہے یہاں تک کہ اس کے منہ پر اپنا منہ رکھ دیتاہے تو اس کے منہ سے جتنا قرآن نکلتا ہے فرشتے کے منہ میں داخل ہوجاتاہے ، اس لئے تم قرآن کیلئے اپنے منہ کو پاک رکھا کرو، (فیضان ریاض الصالحین حدیث 353) شیخ عبدالحق محدّث دہلوی علیہِ رحمۃ فرماتے ہیں:حضور ﷺ گھر میں تشریف لاکر سب سے پہلےمسواک کرتے تھے۔ (فیضان ریاض الصالحین حدیث 1201)

حضور ﷺ کا مسواک کرنا | Shamail Tirmidhi - Seerat Ki Dunya