اسلامک ڈیسک کی جانب سے


عَنْ جَابِرٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ اَنَّ النَّبيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ سَاَلَ اَهْلَهُ الْاُدْمَ فَقَالُوْا مَا عِنْدَنَا اِلَّا خَلٌّ فَدَعَا بِهِ فَجَعَلَ يَاْكُلُ وَيَقُوْلُ:نِعْمَ الْاُدْمُ الْخَلُّ نِعْمَ الْاُدْمُ الْخَلُّ.
(فیضان ریاض الصالحین حدیث 737)حضرت سیدنا جابر رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں:”حضور نبی پاک ﷺ نے اپنے گھرو الوں سے کھانا طلب فرمایا تو انہوں نے عرض کی:ہمارے پاس سرکہ کے سوا کچھ نہیں۔آپ ﷺ نے سرکہ منگایا اور اسے تناول کرتے ہوئے فرمانے لگےسرکہ بہترین سالن ہے،سرکہ بہترین سالن ہے۔“
حضرت انس رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ ایک درزی نے نبی ﷺ کو کھانے کے لیے بلایا جسے اس نے تیار کیا تھا تو میں نبی ﷺ کے ساتھ گیا تو اس نے جو کی روٹی اور شوربا پیش کیا جس میں کدو اور خشک گوشت تھا تو میں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپ ﷺ پیالے کے آس پاس سے کدو تلاش کرتے تھے اس دن کے بعد سے میں کدو سے محبت کرتا رہا۔ ابو عبیدہ بن الجراح فرماتے ہیں کہ میں نے حضور اقدس ﷺ کے لئے ہانڈی پکائی، چونکہ آقائے نامدار علیہ الصلوہ والسلام کو دستی کا گوشت زیادہ پسند تھا اس لئے میں نے ایک دستی پیش کی۔ پھر حضور ﷺ نے دوسری طلب فرمائی، میں نے دوسری پیش کی۔ پھر حضور ﷺ نے تیسری طلب فرمائی، میں نے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ بکری کی دوہی دستی ہوتی ہیں۔ حضور ﷺ نے فرمایا اس ذات کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے اگر تو چپ رہتا تو میں جب تک مانگتا رہتا، اس دیگچی سے دستی نکلتی رہتیں۔ حضرت یوسف رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضور اقدس ﷺ کو ایک مرتبہ دیکھا کہ حضور اقدس ﷺ نے ایک روٹی کا ٹکڑا لے کر اس پر ایک کھجور رکھی اور فرمایا کہ یہ اسکا سالن ہے اور نوش فرمایا۔ حضرت ابو موسیٰ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو مرغ کھاتے دیکھا۔ معلوم ہوا کہ رسول اللہ ﷺمرغی کا گوشت بھی کھاتے تھے دیگر احادیث میں گوشت کی پسندیدگی اور میٹھی چیز کو پسند کرنا بھی مذکور ہے دراصل نبی اکرم ﷺاور صحابہ کرام کا طریقہ یہ تھا کہ جب انہیں کچھ میسر آتا ، تناول فرما کر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے اور جب کچھ نہ ملتا صبر کر لیتے ۔ (ترمذی شریف /مشکاۃ المصابیح)