اسلامک ڈیسک کی جانب سے


عَنِ إِيَاسِ بْنِ سَلَمَةَ بْنِ الأَکْوَعِ عَنْ أَبِيهِ قَالَ کَانَ عُثْمَانُ بْنُ عَفَّانَ يَأْتَزِرُ إِلَی أَنْصَافِ سَاقَيْهِ وَقَالَ هَکَذَا کَانَتْ إِزْرَةُ صَاحِبِي يَعْنِي النَّبِيَّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیہ وَ آلہِ وَسَلَّم۔
شمائل ترمذی (حدیث 114)حضرت ایاس اپنے والد سلمہ بن اکوع رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کرتے ہیں انھوں نے فرمایا، کہ حضرت عثمان رضی اللہ تعالٰی عنہ پنڈلی کے نصف تک تہبند باندھتے تھے اور فرمایا اسی طرح میرے آقا حضور اقدس ﷺ کی تہبند مبارک تھی ۔
حضرت سیدنا ابن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ کے پاس سے ایک شخص گزرا جو اپنی چادر گھسیٹتا ہواچل رہا تھا۔ آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے اسے بُلا کر فرمایا:’’تجھ پر افسوس! کیاتویہ بات پسند نہیں کرتا کہ بروزِ قیامت اللہ عز وجل تجھ پر نظرِ کرم فرمائے۔ اس نے عرض کی: کیوں نہیں!میں ضرور ربّ کریم کی نظرِ کرم کامحتاج ہوں۔فرمایا: میں نے حضور نبی کریم ،رءوف رحیم ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ’’جو تکبر کی وجہ سے اپنی چادر گھسیٹتاہوا چلے اللہ عزوجل بروزِ قیامت اس پر نظرِ کرم نہیں فرمائے گا۔“ آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ کی نیکی کی دعوت کا اس نوجوان پر ایسا اثر ہواکہ پھر مر تے دم تک کبھی اپنی چادر ٹخنوں سے نیچے نہ کی ۔“ (فیضان ریاض الصالحین) حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مَروی ہے کہ سرکارِ مدینہ راحتِ قلب وسینہﷺ نے ارشاد فرمایا: اللہ عزوجل روزِقیامت ایسے شخص کی طرف نظرِ رحمت نہیں فرمائے گا جو تکبر کی وجہ سے اپنا تہبند گھسیٹے۔ جو شخص تکبر کی نیت سےتہبند کو لٹکائے گا یعنی ٹخنوں سے نیچے کرےگا قیامت کے دن اللہ عزوجل اس کی طرف نظرِ رحمت نہیں فرمائے گااور اگر تکبر کی نیت نہ ہو یا کوئی مجبوری ہو کہ جس کے سبب لباس کو ٹخنوں سے نیچے کرنا پڑے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔ (فیضان ریاض الصالحین حدیث 616) حضرت سیدنا ابوذر رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ تاجدارِ رِسالت شہنشاہِ نبوت ﷺ نے ارشادفرمایا: ”تین قسم کے لوگوں سے بروزِ قیامت اللہ عزوجل نہ تو کلام فرمائے گا ، نہ ان پر نظرِ کرم فرمائے گا نہ انہیں پاک کرے گابلکہ ان کے لئے درد ناک عذاب ہوگا۔آپ ﷺ نے یہ بات تین مرتبہ ارشاد فرمائی۔میں نے عرض کی:یارسولَ اللہ ﷺ! وہ تو رُسوا وبرباد ہوگئے،وہ کون ہیں؟فرمایا: (تکبر کرتے ہوئے) اپنی چادرگھسیٹنے والا، اِحسان جتلانے والا اور جھوٹی قسم کھا کر اپنا مال بیچنے والا۔ (فیضان ریاض الصالحین )