اسلامک ڈیسک کی جانب سے


عَنْ إِبْرَاهِيمُ بْنُ مُحَمَّدٍ مِنْ وَلَدِ عَلِيِّ بْنِ أَبِي طَالِبٍ قَالَ کَانَ عَلِيٌّ إِذَا وَصَفَ النَّبِيَّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیہ وَ آلہِ وَسَلَّم قَالَ کَانَ إِذَا مَشَی تَقَلَّعَ کَأَنَّمَا يَنْحَطُّ مِنْ صَبَبٍ۔
شمائل ترمذی (حدیث 117)حضرت ابراہیم بن محمد فرماتے ہیں کہ حضرت علی المرتضی رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ ﷺ کے اوصاف بیان کیے اور فرمایا جب حضور اکرﷺ چلتے تو یوں معلوم ہوتا گویا آپ بلندی سے اتر رہے ہیں۔
حضرت ہند بن ابی ہالہ فرماتے ہیں: *"كان رسول اللّٰه صلى اللّٰه علیه وسلم مسیح القدمین ینبو عنھما الماء"* رسول ﷲ ﷺ کے مبارک قدم نہایت ہموار اور نرم تھے پانی ان سے فی الفور ڈھل جاتا۔ رافع بن عمرو المزنی سے رواہت ہے فرمایا: میں حجۃ الوداع کے موقعہ پر اپنے والد کے ساتھ ساتھ ہاتھ پکڑے ہوئے شریک ہوا۔ میری عمر پانچ یا چھ برس ہوگی۔ یہاں تک کہ ہم لوگ نحر کے روز منٰی میں رسول ﷲ ﷺ تک پہنچ گئے ۔میں نے دیکھا آپﷺ سرخی مائل خچر پر خطاب کر رہے تھے۔ میں نے اپنے والد سے پوچھا یہ کون ہیں؟ انہوں نے کہا یہی رسول ﷲ ﷺ ہیں۔ تو میں آپ ﷺ کے قریب ہوتا گیا یہاں تک کہ میں نے آپ ﷺ کی پنڈلی مبارک پکڑی اور اسے (بطور تبرک) مس کیا اور اپنی ہتھیلی آپﷺ کے نعل اور قدم مبارک کے درمیان رکھ لی ،مجھے ابھی تک آپ ﷺ کے تلوے کی ٹھنڈک محسوس ہوتی ہے۔ (شعب الایمان،1430) آپ ﷺ کے مقدس پاؤں چوڑے پر گوشت، ایڑیاں کم گوشت والی تلوا اونچا جو زمین میں نہ لگتا تھا دونوں پنڈلیاں قدرے پتلی اور صاف و شفاف تھیں، پاؤں کی نرمی اور نزاکت کا یہ عالم تھا کہ ان پر پانی ذرا بھی نہیں ٹھہرتا تھا۔ آپ ﷺ چلنے میں بہت ہی وقار و تواضع کے ساتھ قدم شریف کو زمین پر رکھتے تھے۔ حضرت ابو ہریرہ سے روایت ہے: *"كان رسول اللّٰه صلى اللّٰه علیه وسلم ضخم القدمین"*. آپ ﷺ کے قدم مبارک تناسب سے بڑے تھے۔ آپ مزید فرماتے ہیں کہ چلنے میں میں نے حضور ﷺ سے بڑھ کر تیز رفتار کسی کو نہیں دیکھا گویا زمین آپ ﷺ کے لئے لپٹی جاتی تھی۔ ہم لوگ آپ ﷺ کے ساتھ دوڑا کرتے تھے اور تیز چلنے سے مشقت میں پڑ جاتے تھے مگر آپﷺ نہایت ہی وقارو سکون کے ساتھ چلتے رہتے تھے مگر پھر بھی ہم سب لوگوں سے آپ ﷺ آگے ہی رہتے تھے۔ (صحیح بخاری حدیث 5568) حضرت ابو سلمہ رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے: *"كان رسول اللّٰه ضخم الكفین والقدمین لم ار بعده شبیھا به صلى اللّٰه علیه وسلم"*. نبی کریم ﷺ کی دونوں ہتھیلیاں اور دونوں قدم گداز اور بھرے بھرے تھے۔ میں نے اتنے خوبصورت پاؤں آپ ﷺ کے بعد کسی کے نہیں دیکھے۔ *"ساق اصل قدم شاخ نخل کرم" * *"شمع راه اصابت پہ لاکھوں سلام"*