logo

سیرت کی دنیا

اسلامک ڈیسک کی جانب سے

رسول اللہ ﷺ کے بعض نام والقابات

رسول اللہ ﷺ کے بعض نام والقابات

نبی پاک ﷺ کی ذاتی صفات

حدیث

عَنْ حُذَيْفَةَ قَالَ لَقِيتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللّٰهُ عَلَيْهِ وَسَلَّم فِي بَعْضِ طُرُقِ الْمَدِينَةِ فَقَالَ أَنَا مُحَمَّدٌ وَأَنَا أَحْمَدُ وَأَنَا نَبِيُّ الرَّحْمَةِ وَنَبِيُّ التَّوْبَةِ وَأَنَا الْمُقَفَّی وَأَنَا الْحَاشِرُ وَنَبِيُّ الْمَلاحِمِ ۔

شمائل ترمذی (حدیث 345)

ترجمہ

حضرت حذیفہ رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں حضور اقدس ﷺ سے راستہ میں ملا۔ حضور اکرم ﷺ تشریف لے جا رہے تھے تذکرةً حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ میرا نام محمد ہے اور احمد اور نبی الرحمہ ہے اور نبی التوبہ ہے اور میں مقفی ہوں اور حاشر ہوں اور نبی ملاحم ہوں۔

حکایت

حضرت محمد بن جبیر اپنے والد حضرت جبیر بن مطعم رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا بے شک میرے کئی نام ( القاب) ہیں، میرا نام محمد ہے، احمد ہے اور میرا نام ماحی ہے کہ میرے ذریعے اللہ تعالیٰ کفر کو مٹا دے گا اور میرا نام حاشر ہے یعنی قیامت کے دن لوگ میرے قدموں پر (میرے بعد ) اُٹھائے جائیں گے اور میرا نام عاقب (سب سے آخری ) ہے کیونکہ میرے بعد کوئی نبی نہیں ہے۔ (شمائل ترمذی حدیث 344) حافظ جلال الدین السیوطی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نے (( البهجة السنية في الاسماء النبوية)) کے نام سے ایک رسالہ تالیف کیا جس میں نبی اکرم سے تعلیم کے پانچ سو اسمائے گرامی ذکر کیے ہیں۔ اسی طرح حافظ ابن عساکر نے اپنی کتاب (تاریخ دمشق) میں باب اسماء النبی ﷺقائم کیا اور اس میں نبی اکرم ﷺکے بہت سے صفاتی اسماء والقاب ذکر کیے ہیں۔ اسی طرح ابن دحیہ نے نبی اکرم ﷺ کے اسماء گرامی کے لیے ایک علیحدہ رسالہ تالیف کیا ہے۔ حافظ الحدیث علامہ سخاوی نے ایک رسالہ میں آپ ﷺکے چار سو نام ذکر کیے ہیں، اسی طرح حضرت علامہ مفتی نقی علی خان رحمۃ اللہ علیہ نے نبی پاکﷺ کی شان میں القابات ذکر کیے ہیں جن میں سے چند یہ ہیں ۔ ٭سرورِ بنی آدم ٭ رُوحِ روانِ عالم ٭ اقامتِ حدودُ و احکام ٭ تعدیلِ ارکانِ اسلام ٭ قائدِ فوجِ اسلام ٭دافعِ جُیوشِ اصنام ٭ نَوْبادۂِ گلزارِ ابراہیم ٭ نَوْرَسِ بہارِ جنتِ نعیم ٭ جگر گوشۂِ کانِ کرم ٭دستگیرِ درْمانْدگانِ اُمم ٭ نورِدیدۂِ ابراہیمُ و آدم ٭امامِ جماعتِ انبیاء ٭مُقتدائے زمرۂ ِاتقیا ٭قبلہِ اصحابِ صدق و صفا ٭کعبہ ارباب ِ حلمُ و حیا ٭لؤلؤِ بحرِ سخاوتُ وعطا ٭ گُہِرِدریائے مروتُ وحیا ٭شمس ِچرخِ اِستواء ٭چراغِ دُوْدمَان ِاِنْجِلاء ٭عُقدہ کُشائے عِقْد ثُریا ٭ضیائے دیدۂ ِیدِبیضاء ٭قاضی ِمَسند ِحکومت ٭ مفتی دین ُو ملت ٭مدلولِ حروفِ مقطعات ٭مَنشاءِ فضائل و کمالات ٭حافظِ حدودِ شریعت ٭ماحیِ کفرُ و بدعت ٭فاتحِ مغلقاتِ حقیقت ٭ سرِّاسرار ِطریقت ٭لسانِ حجت ٭طِراز ِ مملکت ٭ تَراوشِ شبنمِ رحمت٭ تُوْتِیائےچشمِ بصیرت ٭اصلِ اصولِ سَرابَسْتَانِ مَلَکُوت۔

رسول اللہ ﷺ کے بعض نام والقابات | Shamail Tirmidhi - Seerat Ki Dunya