logo

سیرت کی دنیا

اسلامک ڈیسک کی جانب سے

رسول کریم ﷺکا مصافحہ کرنا

رسول کریم ﷺکا مصافحہ کرنا

نبی پاک ﷺ کی ذاتی صفات

حدیث

عَنْ اَبِی الْخَطَّابِ قَتَادَةَ قَالَ: قُلْتُ لِاَنَسٍ:اَكَانَتِ الْمُصَافَحَةُ فِی اَصْحَابِ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ؟قَالَ:نَعَمْ.

ریاض الصالحین (حدیث 885)

ترجمہ

حضرت سیدنا ابوخطّاب قتادہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضرت سیدنا انس رضی اللہ تعالٰی عنہ سے پوچھا: کیا رسول اللہ ﷺ کے صَحابہ کرام آپس میں مصافَحہ کیا کرتے تھے آپ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے فرمایا: ہاں! وہ آپس میں مصافحہ کیا کرتے تھے۔

حکایت

ایوب ابن بشیر عنزہ کے ایک شخص سے روایت فرماتے ہیں کہ میں نے ابوذر سے کہا۔۔۔ ، کیا نبی جب تم ان سے ملتے تو تم سے مصافحہ کرتے تھے ؟فرمایا کبھی ایسا نہ ہوا کہ میں آپ ﷺ سے ملا ہوں اور مجھ سے مصافحہ نہ کیا حضور ﷺ نے مجھے ایک دن بلایا میں اپنے گھر میں نہ تھا پھر جب میں آیا تو مجھے خبر دی گئی تو میں حضور ﷺ کے پاس آیا آپ ﷺ ایک تخت پر تھے مجھے لپٹا لیا تو یہ بہت اچھا بہت اچھا ہوا (مراة المناجیح، 4683) جب دو دوست آپس میں ملتے، مصافحہ کرتے اور نبی ﷺ پر درود پاک پڑھتے ہیں تو ان دونوں کے جدا ہونے سے پہلے پہلے دونوں کے اگلے پچھلے گناہ بخش دیئے جاتے ہیں۔ (شعب الایمان،ج 6،ص471، حدیث: 8944) روایت ہے عطاء خراسانی سے کہ رسول الله ﷺ نے فرمایا آپس میں مصافحہ کرو کینہ جاتا رہے گا اور آپس میں ہدیے تحفے دو محبت کرنے لگو گے اور دشمنی جاتی رہے گی۔ (مراۃالمناجیح حدیث 4693) نبیِّ کریم ﷺ نے فرمایا : مصافحہ کیا کرو کینہ دور ہوگا ، تحفہ دیا کرو محبت بڑھے گی اور بُغْض دور ہوگا۔ (موطا امام مالک حدیث 1731) حکیمُ الاُمَّت حضر ت مفتی احمد یار خان رحمَۃ اللہ ِ علیہ اِس حدیثِ پاک کے تحت فرماتے ہیں : یہ عمل بہت ہی مجرّب(یعنی تجربہ شدہ) ہے جس سے مصافحہ کرتے رہو اس سے دشمنی نہیں ہوتی۔ اگر اتفاقاً کبھی ہو بھی جائے تو اس کی برکت سے ٹھہرتی نہیں۔ روایت ہے حضرت انس سے کہ رسول اللہ ﷺ جب کسی شخص سے مصافحہ کرتے تھے تو اپنا ہاتھ نہ کھینچتے حتی کہ وہ ہی اپنا ہاتھ کھینچتا تھا، اور آپ ﷺ اپنا منہ اس کے منہ سے نہیں پھیرتے تھے حتی کہ وہ ہی اپنا منہ حضورﷺ کے چہرے سے پھیرتا اور حضورﷺ کو کبھی نہ دیکھا گیا کہ حضورﷺ اپنے ہم نشین کے سامنے گھٹنے پھیلا کر بیٹھے ہوں۔ (مراۃ المناجیح حدیث 5824)

اہم نکات

  • مصافَحہ کا سنّت طریقہ یہ ہے کہ جب دو مسلمان باہم ملیں تو پہلے سلام کریں ،پھر مُصافَحہ کریں۔
  • مُصافَحہ کا وقْت اِبتدائے ملاقات ہے،دن میں کئی بار ملاقات ہو تو ہر بار مُصافَحہ کرنا چاہیے۔
رسول کریم ﷺکا مصافحہ کرنا | Shamail Tirmidhi - Seerat Ki Dunya